لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن لاہور کے صدر محمد پرویز ملک، و جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے بارے میں طرح طرح کی افواہیں پھیلانے والوں کا مقصد انتشار اور نفاق کی سیاست کو فروغ دینا ہے لیکن انہیں مایوسی ہوگی اور 2013ء کے مقابلے میں کہیں بڑھ کر مسلم لیگ (ن) ملک بھر سے کامیابی حاصل کرے گی، محض اقتدار کا حصول اور کرسی کی ہوس عمران خان کے اعصاب پر سوار ہے۔ ان کا رویہ ہمیشہ کی طرح غیر سیاسی ہے، عوام ہرگز ان کا ساتھ نہیں دینگے اور 25 جولائی کو جیت حق اور سچ کی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے حلقہ این اے133اور پی پی149 میں الیکشن مہم کے دوران کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رمضان صدیق بھٹی، عامر خان، سمیرا امجد، چوہدری علی عدنان و دیگر موجود تھے۔ انہوں نے مذیدکہا کہ عمران نیازی کا کوئی سیاسی ویژن نہیںہے، خدمت کے جذبے سے بھی یکسر عاری ہیں۔