دوسرا ون ڈے ،فخرزمان کی ناقابل شکست سنچری ، پاکستان نے زمبابے کو 9 وکٹوں سے ہرادیا

Jul 17, 2018

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان نے زمبابوے کو پانچ میچوں پر مشتمل دن ڈے سیریز کے دوسرے مقابلے میں میزبان ٹیم کو 9وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی ۔ دوسرے میچ میں میزبا ن ٹیم نے گرین شرٹس کو فتح کیلئے 195رنز کا ہدف دیا جو گرین شرٹس نے فخر زمان کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت ایک وکٹ کے نقصان پرپورا کرلیا ۔بلاوایو کے کوئنز سپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ کا ٹاس زمبابوے کے کپتان نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ،لیکن پاکستانی بائولنگ لائن کے مقابلہ کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم194رنز پر ڈھیر ہوگئی۔زمبابوین کپتان کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوا اور ابتدائی دو وکٹیں صرف 18رنز پر گر گئی۔تیسری وکٹ پر زمبابوین کپتان مساکڈزا اور موسیٰ کانڈا نے سکور 80رنز تک پہنچایا،حسن علی نے اس پارٹنرشپ کو توڑا۔مساکڈزا نصف سنچری بناکر 105کے مجموعی سکور پر شعیب ملک کا شکار بنے ،انہوں نے 59رنز کی اننگز کے دوران 5چوکے اور 2چھکے لگائے۔میزبان بیٹنگ سائیڈ کی طرف سے دوسرے ٹاپ سکور پیٹر مور رہے ،جنہوں نے 2چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 50رنز بنائے ،ان کی وکٹ بھی حسن علی کے حصے میں آئی۔چری ایک ‘چی بھابھا سات ‘مساکانڈا چوبیس ‘مرے سولہ ‘تری پانو تیرہ ‘روچی صفر ‘ڈبلیو مساکاڈزا بارہ ‘چتارا ایک رن بناکر آئوٹ ہوئے ۔ موزا ربانی ایک رن پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ گرین شرٹس کی طرف سے عثمان خان نے 4،حسن علی نے3اور شعیب ملک نے 1وکٹ اپنے نام کی۔دو کھلاڑی رن آئوٹ ہوئے ۔ پاکستان نے ہدف 36اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پرپورا کرلیا ۔ گرین شرٹس کی طرف سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور قومی ٹیم کو 119رنز کا آغاز فراہم کیا ۔ پہلے میچ میں سنچری بنانے والے امام الحق 44رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے ۔ فخر زمان اور بابر اعظم نے عمدہ شراکت کی بدولت گرین شرٹس کو نو وکٹوں سے فتح دلادی ۔ فخرزمان نے 129گیندوں پر 117رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ انہوں نے سولہ چوکے لگائے ۔ بابر اعظم 29رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ انہو ںنے چھتیس گیندوں کا سامنا کیا اور صرف ایک چوکا لگایا ۔ زمبابو ے نے پانچ بائولر ز کا استعمال کیا مگر کوئی بھی وکٹ حاصل نہ کرسکا ۔ فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ پاکستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی بر تری حاصل ہو گئی ہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسر ا میچ کل بلاوایو میںہی کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن سوا بارہ بجے شروع ہوگا۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے قومی ٹیم کو زمبابوے کے خلاف دوسرا ون ڈے جیتنے پر مبارکباد دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عثمان شنواری اور حسن علی نے بائولنگ میں شاندار کارکردگی دکھائی ۔ فخر زمان اور امام الحق نے بہترین بلے بازی کی اور جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔ پاکستان کی کامیابی بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ۔ امید ہے قومی ٹیم سیریز کے اگلے میچوں میں بھی فتح سمیٹے گی ۔

مزیدخبریں