25جولائی کو شیر دھاڑے گا، عوام 25جولائی کو ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے:شہباز شریف

 پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 25جولائی کو شیر دھاڑے گا ،عوام 25جولائی کو ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، ن لیگ کے رہنما نیب کی پیشیاں بھگت رہے ہیں جبکہ سر سے پائوں تک کرپشن میں ڈوبے لوگ کیک اور پیسٹریاں کھا رہے ہیں۔ گوجرانوالہ کے علاقہ علی پور چٹھہ میں خطاب کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کہ  مسلم لیگ ن نے ملک کو اندھیروں سے نکالا ،2013میں ملک میں 20-20گھنٹے لوڈ شیڈنگ تھی ہم نے رات دن محنت کر کے 11ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کی ،عوام کا جم غفیر مسلم لیگ ن کی جیت کا اعلان کر رہا ہے، نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا سی پیک دیا جبکہ عمران خان نے پورے پاکستان کے لیے بجلی بنانے کا وعدہ کیا تھا جو پورا ہونا تھا نہ ہوا، الزام خان بجلی پیدا کرنے کے وعدے کو بھی پورا نہ کر سکے ،پشاور میٹرو70ارب روپے لگنے کے باوجود بھی کھنڈر ہی ہے، عمران خان کے پی کے میں ایک نئی یونیورسٹی یا ہسپتال نہیں بنا سکے ،نواز شریف کی آمد پر لاکھوں لوگوں کے نکلنے پر ان کا مشکور ہوں، 25جولائی کو شیر پر مہرلگا کر نواز شریف اور مریم نواز کو آزاد کرانا ہے، نگران حکومت کو ن لیگ کے خلاف پرچے کٹوانے کے کوئی کام نہیں، لیگی قیادت اور کارکنوں کے خلاف دہشتگردی کے مقدمے بنائے گئے ،نواز شریف سے محبت کرنا دہشتگردی ہے تو 100بار کریں گے، لیگی امیدواروں پر نیب کے ذریعے پریشر ڈالا جا رہا ہے ،الیکشن کمیشن کٹھ پتلی بنا ہوا ہے ،وزیر اعظم بھی نوٹس نہیں لے رہے، تمام زیادتیوں اور نا انصافیوں  کے باوجود ہم الیکشن جیتیں گے اربوں کی کرپشن کرنیوالا بابر اعوان پی ٹی آئی میں بیٹھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتان خان نے خیبر پختونخوا کا بیڑا غرق کر دیا ہے، عمران خا ن نے کے  پی کے میں 300ارب روپے کے قرضے لیے، الزام خان نے  کے پی کے میں ایک کلومیٹر سڑک بھی نہیں بنائی، ن لیگ نے پنجاب میں صحت کے متعدد منصوبے مکمل کیے ۔شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کرپشن کا ایک ثبوت نہیں ملادوسری طرف لوگ سر تا پائوں کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں جن کے خلاف کرپشن کے ثبوت ہیں وہ کیک اور پیسٹریاں کھا رہے ہیں اور ن لیگ کے رہنمائوں اور امیدواروں کو پیشیاں بھگتنی پڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 13جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن تھا، بیٹی کے سامنے باپ کو گرفتار کیا جائے تو بیٹی پر کیا بیتتی ہے، نواز شریف اہلیہ کو زندگی اور موت کی کشمکش میں چھوڑ کر عوام کے لیے آئے۔

ای پیپر دی نیشن