اسلام آباد + لاہور (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) ایف بی آر کے مطابق اس نے ٹریڈرز الائنس کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد طے پانے والے معاملات کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے ہیں۔ ان کے تحت تمام ڈیلرز ڈسٹری بیوٹرز اپنے بزنس رجسٹریشن نمبر کے ساتھ کام کریں گے، اس رجسٹریشن کی سیس نہیں ہو گی، چھوٹے تاجروں کو آسان فکسڈ ٹیکس سسٹم کے تحت لایا جائے گا۔ آٹا، سوجی، چوکر پر ٹیکس نہیں لگایا گیا، اس کا سرکلر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ایف بی آر چھاپے نہیں مارے گا۔ جہاں ضرورت ہو گی متعلقہ ایسوسی ایشن کی مشاورت سے انسپیکشن ہو گی۔ ٹرانسپورٹرز کے لئے ود ہولڈنگ ٹیکس 4 فیصد سے کم کر کے 3فیصد کر دیا گیا۔ گھی پر ٹیکس کی پرانی دو فی صد کی شرح بحال کر دی گئی۔ سٹاک ٹیکنگ سیلف اسیسمنٹ کی بنیاد پر ہو گی۔ دوسری طرف پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن اور حکومتی نمائندوں کے مذاکرات بھی کامیاب ہو گئے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے آج ہڑتال کی کال واپس لے لی۔ عاصم رضا نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد کی سربراہی کی۔ عاصم رضا نے میڈیا کو بتایا کہ جہانگیر ترین اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے ملاقات میں فلور ملز ایسوسی ایشن کو ٹیکس عائد نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تاجر رہنما عرفان اقبال شیخ نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے تاجروں کے مطالبات مان لئے ہیں۔