سی پیک سے آئندہ 15 برسوں میں 8 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہونے کا امکان

Jul 17, 2019

کراچی(این این آئی)چین پاکستان راہداری منصوبے(سی پیک)کے نتیجے میں ملک بھر میں آئندہ 15برسوں کے دوران 8لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہونے کے امکانات ہیں۔سی پیک سنٹر آف ایکسیلینس کی جانب سے حال ہی میں شائع ہونے والے ایک ورکنگ پیپر کے مطابق توانائی،ریل اور روڈ کے مختلف منصوبوں کے نتیجے میں مالی سال15سے مالی سال18تک پورے ملک میں براہ راست 1 لاکھ 24 ہزار470ملازمتیں پیدا ہوئیں ۔عالمی ادارہ محنت کے ایک تخمینے کے مطابق سی پیک کے نتیجے میں پاکستان میں چار لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہوسکتی ہیں جبکہ کراچی کے ایک اطلاقی معاشیات کے تحقیقی مرکز نے سال2015سے 2030تک کے عرصے میں سات لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہونے کے امکانات بتائے ہیں،پلاننگ کمیشن کو توقع ہے کہ آئندہ 15برسوں کے دوران ملک بھر میں سی پیک کے نتیجے میں8لاکھ نئی اسامیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔مالی سال31تک مجوزہ نو خصوصی اقتصادی زونز کی تشکیل کو شمار کرنے کے بعد یہ تعداد12لاکھ تک جانے کا تخمینہ ہے ۔ نئی ملازمتوں کے پیدا ہونے کے امکانات کے باعث پاکستانی افرادی قوت کو تربیت یافتہ بنانے کی ضرورت ہے تا کہ سی پیک سے پیدا ہونے والی اسامیوں سے مقامی افراد بھرپور استفادہ کرسکیں۔

مزیدخبریں