اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) عالمی عدالت انصاف پاکستان میں قید بھارتی جاسوس اور دہشت گرد کلبھوشن جادیو مقدمے کا فیصلہ آج 17 جولائی کو سنائے گی۔ اٹارنی جنرل کی سربراہی میں پاکستانی ٹیم فیصلہ سننے کیلئے ہیگ پہنچ چکی ہے۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل جو وزارت خارجہ کے جنوب ایشیائی ڈیسک کے ڈی جی ہیں پاکستانی ٹیم میں شامل ہیں۔ یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق کیس کا فیصلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے سنایا جائے گا۔ کل بھوشن جادیو کو 3 مارچ 2016 کو پاکستان کے سکیورٹی اداروں نے اس وقت گرفتارکیا جب وہ ایران کے ساحلی شہر چاہ بہار سے بلوچستان میں داخل ہوا۔ اس کا مقصد بلوچ علیحدگی پسندوں کو منظم کرنا، گوادر بندرگاہ کے خلاف دہشت گردوں کو تیار کرنا تھا۔ اس پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس نے تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کیا ہے۔ 10 اپریل 2017ء کو کلبھوشن جادیو کو جاسوسی، کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنائی گئی تھی۔ بھارت نے نیوی کمانڈر کلبھوشن جادیو کی بریت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن جادیو سے متعلق کیس کا فیصلہ 21 فروری کو محفوظ کیا تھا۔ عالمی عدالت انصاف کے صدر جج عبدالقوی احمد یوسف ہیگ کے پیس پیلس میں فیصلہ سنائیں گے۔
عالمی عدالت بھارتی جاسوس کلبھوشن کیس کا فیصلہ آج سنائے گی
Jul 17, 2019