لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ شریف فیملی نے کرپشن سے پاکستانی عوام پر ظلم کیا۔ عالمی میڈیا کے انکشافات پر نواز لیگ رہی سہی ساکھ بھی کھو بیٹھی۔ ایک دھیلے کی کرپشن نہ کرنے کا دعویٰ کرنے والے کس قدر کرپٹ نکلے۔ اپنے دفتر میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ کسی کرپٹ کو محفوظ راستہ نہیں ملے گا‘ جوابدہی ہو کر رہے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنے بیٹوں اور داماد کے ذریعے منی لانڈرنگ کی۔ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ اب عوام کو سمجھ آئی ہے کہ میگا منصوبے کیوں بنائے جاتے تھے۔ انگلیاں ہلانے اور مائیک گرانے کی اصل اداکاری سامنے آ گئی۔ ملک میں 70 سال میں پہلی مرتبہ بے لاگ احتساب ہو رہا ہے۔ مستقبل کیلئے ملک کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کریں گے۔ ملک کے معاشی حالات جلد بہتر ہونے جا رہے ہیں۔