اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) گرین اینڈ کلین اسلام آ باد پروگرام کے تحت پلاسٹک کے شاپنگ بیگ پر پابندی خوش آئند ہے۔ لیکن حکومت شاپنگ بیگ پر پابندی سے قبل اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں میں شاپنگ بیگ کا متبادل فراہم کرے۔ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر آل پاکستان جمعیت القریش میٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن و ڈائریکٹر لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلمنٹ بورڈ خورشیداحمد قریشی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ حکومت وقت کی طرف سے گرین اینڈ کلین اسلام آباد پروگرام کے تحت 14اگست سے پلاسٹگ کے شاپنگ بیگز پر پابندی خوش آئند عمل ہے۔لیکن حکومت وقت کو چاہیے کہ پلاسٹک کے شاپنگ بیگز پر پابندی کے اطلاق سے قبل اسلام آباد بھر کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹوں میں پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کا متبادل فراہم کیا جائے۔ کیونکہ شاپنگ کے لیے آنے والے کسٹمرز کو اشیاء خوردونوش فراہمی کے لیے حفظا ن صحت کے اصولوں کے مطابق پیکنگ میٹریل کی فراہمی اور آگاہی حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔