کراچی(اے پی پی)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر سلیمان چاؤلہ نے کراچی کے سب سے بڑے صنعتی علاقے سائٹ کی صنعتوں میں گیس پریشر میں انتہائی کمی پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صنعتی پیداواری سرگرمیاں بلارکاوٹ جاری رکھنے کے لیے مطلوبہ پریشر کے ساتھ صنعتوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے بصورت دیگر پیداواری سرگرمیاں مکمل طور پر تعطل کا شکار ہوجائیں گی ور صنعتیں بند ہوجائیں گے۔ایک بیان میں سلیمان چاؤلہ نے کہاکہ صنعتکاروں کو گورنر ہاؤس میں یہ یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ پیرسے گیس پریشر بہتر ہوجائے گا مگر وعدہ پورا نہیں ہوا بلکہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس پریشرکم کرکے وعدہ خلافی کی اور 2 دنوں سے سائٹ کی صنعتوں کوملنے والی گیس کا پریشر نہ ہو نے کے برابر ہے بلکہ گیس پریشرصفر ہوگیا ہے جس کی وجہ سے صنعتی پیداواری عمل بری طرح متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جانتی ہے کہ صنعتی پہیہ گھومے گا تو ملکی معیشت ترقی کرے گی اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے مگر اس کے باوجود صنعتوں کو فروغ دینے کی بجائے رکاوٹیں ڈالنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔حکومت آخر کیا چاہتی ہے ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں حالانکہ کرونا وبا نے پہلے ہی تجارت وصنعت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے اوراس سنگین صورتحال میں صنعتیں اپنی بقا قائم رکھنے کی کوشش کررہی ہیں مگر حکومت ہر رو ز کوئی ایساقدم اٹھاتی ہے جس سے صنعتوں کی بحالی مشکل ترین ہوتی جارہی ہے۔سلیمان چاؤلہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سائٹ کی صنعتوں کو بجلی اور گیس کی بلاتعطل فراہمی کے اقدامات کیے جائیں اورپیداواری سرگر میوں کو فروغ دینے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جاسکے اور صنعتوں کے فروغ کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کیے جاسکیں بصورت دیگر صنعتکاروں کے پاس صنعتیں بند کرنے کے سواء کوئی چارہ نہیں بچے گا جس سے بے روزگاری میں خطرناک حد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔