پی سی بی نے پیپسی کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا پارٹنر مقررکردیا

Jul 17, 2020

لاہور(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے تینوں طرز کی کرکٹ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے پرنسپل پارٹنر کی حیثیت سے پیپسی کیساتھ معاہدے میں ایک سال کی توسیع کردی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ اور پیپسی کے درمیان یہ شراکت داری گذشتہ دو دہائیوں سے جاری ہے۔ یہ شراکت داری ابتدائی طور پر30جون 2021 تک جاری رہے گی۔ اس دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز، آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ، زمباوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز، جنوبی افریقہ ، نیوزی لینڈ اور زمباوے کے خلاف اوے سیریز کھیلنی ہیں۔پاکستان کی پہلی موبائل فنانشل سروس، ایزی پیسہ،دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی ایسوسی ایٹ پارٹنر ہوگی۔پیپسی کو پاکستان کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ فرنچائز سعد منور خان کاکہنا ہے کہ ہم قومی کرکٹ ٹیم کے پرنسپل پارٹنر کی حیثیت سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کے سفر کو جاری رکھنے پر فخر محسوس کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپسی، پاکستان کرکٹ اور پرجوش مداح ایک فیملی کی حیثیت رکھتے ہیں اورہم سب اپنے چیمپئن کرکٹرز کو میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

مزیدخبریں