لاہور (نیوز رپورٹر) بین الاقوامی اخبار ’’ گلف نیوز‘‘ نے وزیر اعلی عثمان بزدار کی بہترین گورننس کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کم گو عثمان بزدار باتوں کی بجائے کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ عثمان بزدار باتیں کم اور کام زیادہ کی عملی تفسیر ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔ عثمان بزدار کے ٹویٹس پنجاب کی ترقی کے لئے ان کی جہد مسلسل کی گواہی دے رہے ہیں۔ گلف نیوز نے وزیر اعلی پنجاب کے کرونا وائرس کے دوران اقدامات کو سراہتے ہوئے لکھا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے وزیر اعلی پنجاب نے صوبے میں لاک ڈاؤن میں بروقت توسیع کی۔کارو بار کے لئے پنجاب میں بغیر کسی مشکل کے الیکٹرانک این او سی جاری کیے جا رہے ہیں۔ ای گورننس اصلاحات کے نفاذ کے لئے وزیر اعلی پنجاب کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ گلف نیوز نے عثمان خان بزدار کی عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لیے-21 2020 کی پالیسی کی بھی تعریف کی اور لکھا کہ فلور مل مالکان کو حکومت کی جانب سے گندم دینے سے براہ راست عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ بزدار حکومت ماحولیاتی تبدیلیوں اور بجلی کے مسائل حل کرنے میں بھی پیش پیش ہے۔ صوبے کی جامعات کو شمسی توانائی پر منتقل کرنا بہترین فیصلہ ہے۔ وزیر اعلی پنجاب لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال سے ہر لمحہ باخبر رہتے ہیں۔ گجرات جیل واقعہ اور شاہ حسین ایکسپریس ٹرین کے حادثے بارے فوری کارروائی کی گئی۔ وزیر اعلی پنجاب مختلف اوقات میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے بغیر پروٹوکول کے دورے بھی کرتے ہیں۔ عثمان بزدار نے داتا گنج بخش ہجویری ؒ پناہ گاہ اور پنجاب پولیس سپیشل برانچ آفس کا رات گئے دورے کرکے معائنہ کیا۔ عثمان بزدار جنوبی پنجاب میں قائم ہونے والے سیکرٹریٹ کے لئے انتھک کوشش کر رہے ہیں۔ عثمان بزدار نے شفافیت کی پالیسی کے تحت کرونا کے لئے مختص فنڈز کی تفصیلات بھی ٹوئٹ کیں۔ وزیر اعلی پنجاب ہر طرح سے شفافیت یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔ریسکیورزکے لیے خصوصی شہید پیکج کا بھی اعلان کیا ہے۔ وزیراعلی کی ٹویٹس دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بزدار حکومت عوام کی خدمت کے لیے جانفشانی سے مصروف عمل ہیں۔
کم گو عثمان بزدار باتوں کی بجائے کام پر یقین رکھتے ہیں: گلف نیوز
Jul 17, 2020