اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے بین الاقوامی نگرانی اور اقوام متحدہ کی رپورٹنگ میں اضافہ کیا جائے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کے روز ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ سات عشروں سے زائد عرصے سے بھارت کے غیرقانونی تسلط میں ہیں۔ اقوام متحدہ کے بارہ خصوصی نمائندوں نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں اندھا دھند گرفتاریوں، حراست، اذیت، جسمانی سزا، ماورائے عدالت قتل اور فزیکل اور ڈیجیٹل لاک ڈاؤن کرنے کی کارروائیوں پر تشویش ظاہر کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کلبھوشن یادیو نے پاکستان میں تخریبی کارروائیوں کا اعتراف کیا۔ خطے کے امن میں رکاوٹ بھارت ہی ہے اور خطے کے امن واستحکام کو متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کا بازار گرم ہے۔ عالمی برادری وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ بھارتی فوج جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔ عالمی میڈیا کو بھی کشمیریوں کیخلاف بھارتی ظلم کیخلاف آواز اٹھانی چاہیے۔ کرونا وائرس کے باعث بیرون ملک سے پاکستانیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت کی طرف سے بیرون ملک سے آئے پاکستانیوں کے ساتھ تعاون کیا جا رہا ہے۔