ریاض(اے پی پی) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی سربراہی میں کابینہ کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں حج کی تیاریوں اور حکومتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کابینہ نے حج 1441 ھ کے لیے کی جانے والی تیاریوں اور مختلف حکومتی اداروں کے منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر حج میں کام کرنے والے تمام اداروں کو تاکید کی گئی کہ عازمین کے لیے صحت مند اور پر تحفظ ماحول میں مناسک کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔کابینہ نے کرونا وائرس کی مقامی اور بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا، عالمی وبا کی زد میں آنے والے افراد کی تعداد اور حفاظتی تدابیر کے علاوہ انسداد کے لیے جاری کوششوں کی تفصیلات سے بھی کابینہ کو آگاہ کیا گیا۔کابینہ کو شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو پیش کی جانے والی طبی سہولتوں کے علاوہ سعودی عرب کے ہسپتالوں میں آئی سی یو کے شعبے میں 30 فیصد توسیع سے بھی مطلع کیا کیا گیا ہے۔قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر عصام بن سعد بن سعید نے بتایا ہے کہ ’سعودی عرب جی 20 کے سربراہ کے طور پر عالمی تجارت تنظیم کی مدد میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔کابینہ نے کہا ہے کہ جی 20 ممالک میں معیشت کی ترقی اور عالمی تجارت میں نمایاں کردار ادا کرنے کے لیے سعودی عرب اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔انھوں نے کہا کہ سعودی عرب چاہتا ہے کہ عالمی تجارت تنظیم بین الاقوامی تجارت کو منظم کرنے میں بھر پور کردار ادا کرے۔کرونا وائرس کے باعث عالمی معیشت کو جن بحرانوں کا سامنا ہے ان سے نکلنے اور معیشت کو سہارا دینے کے لیے جی 20 ممالک سمیت عالمی تجارت تنظیم سے امیدیں وابستہ ہیں۔سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور سربراہ اعلیٰ حج کمیٹی شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اس سال حج موسم میں شریک سیکورٹی فورس کے کمانڈروں اور سیکورٹی اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ آن لائن وڈیو اجلاس کیا۔ سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق وزیر داخلہ نے ہر سال کی طرح اس سال بھی حج سے متعلق تمام اہم امور پر غوروخوض کیا، ٹریفک، صحت، سیکورٹی اور وبا سے حفاظتی تدابیر کی سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔حج کے دوران سب سے اہم مسئلہ منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں حاجیوں کی آمد ورفت کا ہے، اس سے متعلق انتظامات پرغوروخوض کیا گیا اس کے علاوہ حاجیوں کو حج آسانی سے ادا کرنے کے لیے ضروری سہولتیں زیر بحث آئیں۔وزیر داخلہ نے سیکورٹی فورس اور حج سیکورٹی کے کمانڈروں سیکہا کہ شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی واضح ہدایت ہے کہ حاجیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیاجائے۔شاہ سلمان کا حکم ہے کہ حج کے کام بہتر شکل میں انجام دیں اور کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے صحت انتظامات اعلیٰ درجے کے ہوں۔
جی 20 ممالک میں معیشت کی ترقی کیلئے کردار جاری رکھیں گے: سعودی عرب
Jul 17, 2020