اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی+ خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیرداخلہ بریگیڈیئر(ر)سیداعجازشاہ نے کہا کہ علماء کرام عیدالاضحی کے موقع پر کروناایس اوپیزپرعمل درآمدکروانے میں اپناکرداراداکریں منبرومحراب ملک میں یکجہتی اوراتحادکی فضاء پیداکرنے میں میں اہم کرداراداکرسکتاہے۔ چیئر مین مجلس علماء پاکستان خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبد الخبیرآزادنے کہاہے کہ پیغام پاکستان '' ایک عظیم بیانیہ ہے جس کو عام کرنے اور قانونی شکل دینے کی ضرورت ہے ، ملک جن حالات سے گزر رہا ہے، اس میں اتحاد اور رواداری کی اشد ضرورت ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد بین المسلمین کے پیغام کو عام کریں ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ سیداعجازشاہ سے ،چیئر مین مجلس علماء پاکستان خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبد الخبیرآزادنے ملاقات کی۔اس موقع پروفاقی وزیرداخلہ سیداعجازشاہ نے کہاکہ حکومت کی بہترحکمت عملی سے کروناوائرس کے اثرات میں کمی آرہی ہے عیدالاضحی کے موقع پر تمام افراد حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنا نے کی ضرورت ہے ، انتظامیہ بھی ایس او پیز پر عمل درآمد ہر صورت ممکن بنائے ، لاپرواہی ہمارے لئے آئندہ دنوں میں مشکل صورتحال پیدا کر سکتی ہے ، ہمیں بحیثیت قوم اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے ، حکومتی سطح پر ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کا تحفظ یقینی بنائیں۔ چیئر مین مجلس علماء پاکستان خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبد الخبیرآزادنے ''پیغام امن کانفرنس'' کے بارے میں ان کو بتایاکہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد بین المسلمین کے پیغام کو عام کریں ہم ملک دشمن عناصرکی سازشوں کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے اس ضمن میں مجلس علماء پاکستان کی طرف سے ملک میں کانفرنسوں کا انعقا کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی ملک پاکستان کو ضرورت ہے' اور ہم انشاء اللہ ملک پاکستان کو وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں صحیح معنوں میں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔
علماء عیدپر ایس اوپیزپرعمل درآمدکرانے میںکرداراداکریں: اعجا ز شاہ
Jul 17, 2020