جدہ(اے پی پی)سعودی عرب کے وزیر برائے توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا نے تیل کی منڈی پر ایسے اثرات ڈالے ہیں جس کی نظیر تاریخ میں کہیں نہیں ملتی،اگست کے دوران اندرون ملک تیل کی طلب میں پانچ لاکھ بیرل تک کا اضافہ ہوگا۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ اوپیک پلس میں شامل ممالک نے کرونا وبا کے بحران کے دوران پیداواری کوٹے کی مکمل پابندی کی ہے جس کی بدولت عالمی تیل منڈی میں توازن اور استحکام آئے گا۔یاد رہے کہ اوپیک پلس کا نیا شیڈول یکم اگست سے شروع ہو گا جس میں یومیہ پیداوار میں کمی 9.6 ملین بیرل سے کم کر کے 7.7 ملین بیرل کی جائے گی۔عراق اورنائجیریا نے کہا ہے کہ اوپیک پلس معاہدے کی سو فیصد پابندی کا اہتمام کریں گے اور مئی اور جون کے درمیان تیل کی زائد پیداوار کی تلافی جولائی، اگست اور ستمبر کے مہینوں میں کریں گے۔اوپیک کے سیکرٹری جنرل محمد بارقیندو نے کہا ہے کہ ’اگر ہم نے تیل کی پیداوار کے حوالے سے فیصلے نہ کرتے تو تیل کی منڈی تباہی کے قریب پہنچ جاتی۔
اگست میں تیل کی طلب 5 لاکھ بیرل یومیہ بڑھ جائے گی: سعودی عرب
Jul 17, 2020