وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے طے شدہ قواعدوضوابط کے مطابق بھارتی جاسوس کو قونصلررسائی دی تاہم انہوں نے اس سے بات تک نہیں کی۔اسلام آباد میں ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بھارتی سفارتکاروں کی طرف سے کمانڈرکلبھوشن یادیو سے بات کرنے سے گریز نے بھارت کی بدنیتی واضح کردی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے بھارت کے سفارتکاروں کے تمام مطالبات پورے کئے تاہم انہوں نے کمانڈریادیوسے کوئی بات کئے بغیرواپس جانے کوترجیح دی۔وزیرخارجہ نے کہاکہ کلبھوشن یادیو بھی ان کے رویے پرحیران تھا اور وہ بھارتی حکام کے ملاقات کے کمرے میں اس سے بات کئے بغیر واپس جانے پردنگ رہ گیا۔انہوں نے کہاکہ اایسے اقدامات کے ذریعے بھارت یہ تاثرپیدا کرناچاہتا ہے کہ پاکستان ان کے جاسوس کوقونصلررسائی دینے کے لئے تیارنہیں ہے۔