چار روزہ انٹرا پریکٹس میچ کے پہلے روز چائے کے وقفہ تک ٹیم وائٹس نے چار وکٹوں پر 142 رنز بنا لیے

لاہور(سپورٹس رپورٹر) چار روزہ انٹرا پریکٹس میچ کے پہلے روز چائے کے وقفہ تک ٹیم وائٹس نے چار وکٹوں پر 142 رنز بنا لیے۔ اس میچ میں ٹیم وائٹس کی جانب سے امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 92 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ اس موقع پر شان مسعود جو 42 کے انفرادی سکور پر کھیل رہے تھے کو ٹیم گرین کے فاسٹ باولر محمد عباس نے اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرا دیا۔ ٹیم کا وائٹس کا سکور 117 پر پہنچا تو اس موقع پر امام الحق بھی 41 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔ ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی حیدر علی 21 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار ہوئے۔ ان کا کیچ بھی اسد شفیق نے لیا۔ ٹیم وائٹس کے کپتان بابر اعظم صرف 12 رنز ہی بنا سکے۔ وہ محمد عباس کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ چائے کے وقفہ تک ٹیم وائٹس کا سکور چار وکٹوں پر 142 رنز تھا۔ فواد عالم 11 جبکہ محمد رضوان بغیر کسی سکور کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ ٹیم گرینز کی جانب سے محمد عباس اور نسیم شاہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن