اولمپکس : چارٹرڈ فلائٹس سے 247 گھوڑوں کی بیلجیم سے ٹوکیو منتقلی 

ٹوکیو(آئی این پی)اس وقت پوری دنیا میں کھیلوں کے شائقین کی نظر ٹوکیو اولمپکس پر ہے، اس موقع  پر کچھ خاص مسافروں کو امارات ائیر لائن کی مدد سے بیلجیئم کے شہر لییج سے ٹوکیو تک کا سفر کرنا ہے۔وہ خاص مسافر ٹوکیو اولمپکس میں حصے لینے والے گھوڑے ہیں جن کو امارات ائیر لائن کی 8چارٹرڈ فلائٹس کی مدد سے بیلجیئم سے ٹوکیو  پہنچایا جائیگا۔کل 247گھوڑوں کو 8چارٹرڈ فلائٹس کے ذریعے لییج سے ٹوکیو منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے  جبکہ ان میں سے 36تربیت یافتہ گھوڑوں کو پہلے ہی کارگو فلائٹ کے ذریعے ٹوکیو  پہنچا دیا گیا ہے۔فلائٹس کے دوران گھوڑے طیارے کے اندر بنا ئے گئے اصطبل میں آرام سے سفر کر سکیں گے جبکہ ان گھوڑوں کی دیکھ بھال کیلئے 59افراد بھی ان 8فلائٹس میں ساتھ سفر کریں گے۔اس کے علاوہ 20ٹن گھوڑوں کی خوراک بھی ساتھ جائے گی۔ ائیر لائن   ان 247گھوڑوں کی   ٹوکیو سے  لییج واپسی کے لیے مزید 8پروازوں  کا انتظام بھی کرے گی۔مذکورہ ائیر لائن کو دنیا میں کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے والے گھوڑوں کو دنیا کے کسی بھی حصے میں منتقل کرنے کا کافی تجربہ ہے، اس کے علاوہ یہ ائیر لائن دنیا میں ہونے والے مختلف گھڑ دوڑ  ٹورنامنٹس کی اسپانسر بھی ہے۔

ای پیپر دی نیشن