اسلام آباد(نیوزرپورٹر)کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام فیصل مسجد کے سامنے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں کی نسل کشی، املاک کو نقصان پہنچانے، بھارتی فوج کا لوگوں کے گھروں میں داخل ہو کر خواتین، بچوں اور معمر افراد کو زدوکوب کرنے اور ہراساں کرنے کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، ہر دن وادی میں بے گناہ افراد کی لاشیں گرائی جا رہی ہیں اور قتل عام کا یہ سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ قائدین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل محاصرہ، گھرگھر تلاشی اور کریک ڈائون سے کشمیر ایک انسانی المیہ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ حریت رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے اور کشمیریوں کے جائز حقوق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بھارتی تسلط کیخلاف احتجاج
Jul 17, 2021