لاہور، اسلام آباد (وقائع نگار، نامہ نگار، این این آئی) اوگرا نوٹیفکیشن کے بغیر 24گھنٹوں میں ایل پی جی کی قیمت میں دوسری بار اضافہ ہوگیا۔ دو روز میں ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کیا گیا۔ اوگرا نے جولائی 2021 کیلئے ایل پی جی کی قیمت 160 روپے فی کلو مقرر کی تھی۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں ایک بار پھر 5 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے۔ گھریلو سلنڈر میں 50 روپے اور کمرشل سلنڈر میں 220 روپے اضافہ کیا گیا۔ 170 روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔ بلاجواز اضافہ کیخلاف ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان نے کل 18 جولائی کو لاہور میں کنونشن طلب کر لیا گیا۔ چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ کنونشن میں 31 جولائی کو ملک گیر ہڑتال، گوجرانوالہ کی طرف لانگ مارچ کے پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی۔ دوسری جانب اوگرا نے ایل پی جی مہنگی بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھ دیا۔ ترجمان اوگرا کے مطابق اوگرا کی متعین کردہ قیمتوں پر ہی ایل پی جی فروخت کی جائے۔