داسو واقعہ کی جا مع تحقیقات کرینگے، وزیراعظم : چینی ہم منصب کو فون

Jul 17, 2021

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، نامہ نگار) وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب کو ٹیلی فون کرکے  داسو حادثے میں چینی باشندوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے چینی ہم منصب  لی کی چیانگ کو ٹیلی فون کیا، اور اپرکوہستان میں ہونے والے  داسو حادثے میں چینی باشندوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت متاثرہ چینی خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔ عمران خان نے چینی ہم منصب کو معاملے کی جامع تحقیقات کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم  نے چینی ہم منصب کو بتایا کہ حکومت پاکستان حادثے میں زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے، پاکستان میں تمام چینی باشندوں کی مکمل سکیورٹی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ دشمن قوتوں کو برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔سفارتی ذرائع کے مطابق داسو بس حادثے کی تحقیقات کے لیے چین کی اعلی سطحی تحقیقات ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ چینی تحقیقاتی ٹیم داسو بس حادثے کے حقائق جاننے کے لیے آج جائے حادثہ کا دورہ کرے گی۔ چینی ٹیم کو پاکستانی سکیورٹی حکام بریفنگ دیں گے۔ چینی ٹیم پاکستان کے اعلی سرکاری حکام سے ملاقاتیں بھی کرے گی۔ خیال رہے کہ بدھ کے روز اپر کوہستان میں داسو ڈیم کے عملے کی بس حادثے کا شکار ہو کر کھائی میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں 9چینی باشندوں، 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 13افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں