تاشقند (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ سلک روڈ کی بحالی سے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور یورپ کو آپس میں منسلک کرنے سے ایک بڑا تجارتی نیٹ ورک قائم ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان اور ازبکستان کے صدر کا ویژن ہے کہ ہمیں روڈ نیٹ ورک کے ساتھ ساتھ ٹرین نیٹ ورک پر بھی کام کرنا چاہئے۔ تاشقند سے گوادر تک ٹرین سروس شروع کرنا چاہتے ہیں۔ جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاقائی روابط کانفرنس میں 60 سے زائد ممالک نے شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان سمیت ازبکستان اور افغانستان کے صدور کے علاوہ 20 ممالک کے وزرائے خارجہ اس کانفرنس میں شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا بنیادی موضوع علاقائی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔ کانفرنس میں شاہراہ ریشم کی بحالی پر بھی غور ہوا۔ یہ سڑک جنوبی ایشیا سے براستہ کابل تاشقند تک جاتی ہے۔