اسلام آباد:  پانی کیلئے کنوؤں کی کھدائی  کے دوران مبینہ طور پر تیل نکل آیا

اسلام آباد (این این آئی+ نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایچ 13 میں پانی کے لیے کنوؤں کی کھدائی کے دوران مبینہ طور پر زمین سے تیل نکل آیا ہے۔ حکام کے مطابق اس واقعہ کے بعد درجن بھر رہائشیوں نے کھدائی کرکے پائپ لگا کر ’تیل‘ نکال کر اور اسے پمپ لگا کر فروخت کرنا شروع کر دیا۔ خریدنے والوں کے مطابق وہ تیل جلتا ہے یعنی پکانے کے کام تو ضرور آتا ہے تاہم ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا کہ ایسے تمام ’عارضی پمپ‘ سیل کر دیے گئے ہیں اور ’تیل‘ کے نمونے آئل اینڈ گیس ریگلولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو بھیج دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹر ایچ 13میں تھانہ شمس کالونی کی حدود میں چند شہریوں کی جانب سے پانی کے لیے بورنگ کے دوران 450 فٹ کی گہرائی پر تیل نکلا تو مقامی افراد نے 12سے 14 مقامات پر بورنگ کر لی۔ اے سی پوٹھوہار کے مطابق لوگوں نے یہاں موٹرز لگا کر باقاعدہ اپنے گھروں کو پٹرول پمپ کا درجہ دے رکھا تھا اور بجلی کے غیر قانونی کنکشنز بھی لگا رکھے تھے جنہیں کاٹ دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق موقع سے دو افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے اور دفعہ 144 لگا دی گئی ہے۔ ترجمان آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے کہاہے کہ اسلام آباد میں گھر سے خام تیل نہیں نکلا ، یہ  پانی میں ڈیزل کی آمیزش ہے۔

ای پیپر دی نیشن