حیدر آباد/میرپورخاص/ سکھر/ خیرپور/ نوابشاہ (نامہ نگاران)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے، عوامی سروے میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے آگے سجدہ ریز سلیکٹیڈ حکمران غریب عوام پر ناجائز ٹیکس مسلط کرکے ان کا خون نچوڑ رہے ہیں۔وفاقی شماریاتی ادارے کی رپورٹس تبدیلی سرکار کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہیں بنیادی اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پاکستان کی عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے، امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نورالہی مغل نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اپنے ردعمل میں کہا کہ عمرانی حکمران ملک کے حساس اداروں کوعالمی طاقتوں کو گروی رکھواکر ملکی سالمیت کو خطرہ میں ڈال رہے ہیں۔کرپشن ذدہ لوٹی دولت کی عدم واپسی، اقرباء پروری اور ہر شعبہ میں حکمرانوں کی نااہلی نے پاکستان کی عوام کو شدید مایوس کردیا ہے۔ جماعت اسلامی نااہل حکمرانوں کے خلاف تحریک چلا کر عوام کی ترجمانی اور حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔جماعت اسلامی دیانتدار اور ہر شعبہ میں ماہر افراد کی پوری ٹیم کے ساتھ عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتی ہے۔ خیرپورسے نامہ نگار کے مطابق خیرپور شہریوں نے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے پاکستانی قوم کو سونامی میں دھکیل کر موت کے کنارے لگانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی ہے،پہلے انسانی جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں آسمان پر پہنچاکر بیمار عوام کو موت کی دہلیز پر لاکھڑاکردیا ہے اور بڑی عید پر بڑی قربانی لینے کے لیے عوام پر پٹرول بم گراکر ظالمانہ اقدام اٹھایاہے ،وفاقی حکومت پچھلے ایک ماہ کے دوران 9.53 روپے فی لٹر اضافہ کر چکی ہے،شہریوں ناصر علی بلوچ،آشر مختار رند،عاشر علی،قربان علی بھٹی،امجد علی ملاح،ابو ابراہیم اویس سومرو،طاہر سلیم مغل،فہد خلیل لودھی،منظور راجپوت ودیگر کا کہناتھا کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والی حکومت نے عوام کا خون چوسنے اور اپنے وزراء کو نوازنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔