سعودی حکومت وژن 2030 کے اہداف کے حصول کے لیےمقامی شہریوں کی تربیت اور انہیں روزگار کی فراہمی کے مواقع میں اضافہ کر رہی ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ فنڈ کے حکام نے کہا ہے کہ رواں سال پہلی ششماہی کے دوران نجی شعبے میں ایک لاکھ 42 ہزار شہریوں جن میں 59فیصد خواتین بھی شامل ہیں کو روزگار فراہم کیا گیا۔سعودی وزیر برائے ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹک صالح الجسیر نے قومی افرادی قوت میں مہارت کو بڑھانے کے لیے اس ہفتے سعودی لاجسٹک اکیڈمی کا افتتاح کیا ہے، اکیڈمی میں 7 شعبے ہیں جن میں پوسٹل لاجسٹک سروسز، سمندری اور بندرگاہوں کی نقل و حمل، بین الاقوامی تجارت،جہاز رانی اور برآمد، لینڈ ٹرانسپورٹ، ای کامرس، ویئر ہاوس مینجمنٹ اور ایئر ٹرانسپورٹ شامل ہیں۔ صالح الجسیر نے کہا ہے کہ وزارت نے نجی شعبے کی متعدد کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جو اس اکیڈمی کے گریجویٹس میں سے 350 تربیت یافتہ افراد کوروزگارفراہم کریں گی ۔