محکمہ صحت نے صوبہ بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کی سر گرمیاں تیزکر دی ہیں : سیکرٹری ہیلتھ سارہ اسلم

لاہور(سٹی رپورٹر)سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم  نے عوام سے اپیل ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ڈینگی سے بچاؤ کے لئے صفائی کا خاص خیال رکھیں خصوصاٌ عید کے بابرکت موقع پر  قربانی کی آلائشیں اور کوڑا کرکٹ باہر  کھلی جگہوں پر نہ پھینکیں۔ محکمہ صحت کی صوبہ بھر میں ڈینگی کے لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لیے بھرپور کاروائیاں جاری ہیں۔ پنجاب بھر میں مون سون اور بارشوں کی ابتدا پر  ڈینگی سے بچاؤ کی سر گرمیاں تیز کر دی گئ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر ازحد ضروری ہیں.مون سون کے دوران  ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاط میں شہری زیادہ  ذمہ داری کا مظاہرہ کریں خصوصاً بارش کا پانی رہائشی علاقوں میں نہ جمع ہونےدیں۔ گزشتہ روز پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے دو مریض رپورٹ ہوئے۔ ڈینگی کے دونوں مریض لاہور سے رپورٹ ہوئے۔ ڈینگی کا 1 مریض شوکت خانم لیب میں جبکہ 1 مریض مئیو ہسپتال لاہور کی لیب سے رپورٹ ہوا۔ اس وقت پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں کوئی بھی مریض زیرِ علاج نہیں ہے۔رواں سال صوبہ بھر سے ڈینگی کے58کنفرم کیسزسامنے آئے ہیں۔رواں سال کے دوران اب تک لاہور سے ڈینگی کے28کنفرم کیسز سامنے آئے اور اس وقت لاہور سمیت پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں کوئی بھی مریض زیر علاج نہیں ہے۔محکمہ صحت کی صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لیے بھرپور کاروائیاں جاری ہیں۔پچھلے 24گھنٹوں میں پنجاب بھر میں 292,343 ان ڈور مقامات اور 69,800 آؤٹ ڈور مقامات کو چیک کیا گیا اور903مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔ لاہور میں51,775 گھروں کی اور 8,707 آؤٹ ڈور مقامات کی ڈینگی لاروا کے حوالہ سے چیکنگ کی  گئی اور کل652 مقامات سے پازٹیو کینٹینرز کو تلف کیا گیا۔رواں سال لاہور سے ڈینگی کے ٹوٹل 28مریض رپورٹ ہوئے ہیں اور اس وقت لاہور کے ہسپتالوں میں کوئی بھی مریض زیرِعلاج نہیں ہے۔
اس ضمن میں سیکرٹری سارہ اسلم کا کہناتھا کہ کورونا کی وبا سے بچاؤ کی احتیاط کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر بھی اپنائیں۔ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھ کر اپنے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔گھروں کے اندر یا باہر پانی کھڑا نہ ہونے دیں. پرندوںاور جانوروں کے پانی والے برتن صاف رکھیں۔ اپنے گھر کے روشن دان، کھڑکیوں اور دروازوں پر جالی لگا کر رکھیں نیز دیہی علاقوں کے رہائشی مچھر دانی لگا کر سوئیں کیونکہ صفائی ستھرائی کا خیال رکھ کر ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر محکمہ صحت کی ٹیمیں آپ کے گھر یا کاروباری مراکز میں ڈینگی کے لاروا کے حوالے سے چیکنگ کرنے کے لئے آئیں تو ان سے بھرپور تعاون کیا جائے کیونکہ ڈینگی انتہائی خطرناک بخار ہے جو کہ جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔۔

ای پیپر دی نیشن