کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ متناسب نمائندگی کی بنیاد پر انتخابات کرائے جائیںاورکراچی سمیت بڑے شہروں کو چارٹرڈ سٹی کا آئینی درجہ دیا جائے۔پاسبان نے بلدیاتی انتخابات میں معاشی طور پر کمزور عام لوگوں کو ٹکٹ دے کر دوسری سیاسی پارٹیوں کے لئے ایک مثال قائم کی ہے۔ اگر قومی، صوبائی اور بلدیاتی انتخابات کے نتیجے میں گڈ گورننس والی حکومت اور اسمبلیاں قائم نہ ہو سکیں تو ایسے انتخابات کا کیا فائدہ؟ ہر الیکشن کے نتیجے میں گڈ گورننس قائم ہونی چاہئے۔ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کا بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کا مقصد ملک میں گڈ گورننس کی بنیاد ڈالنا ہے۔ عوام پاسبان کے امیدواروں کے ساتھ پاسبان کے حمایت یافتہ امیدواروں کو کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب کریں تاکہ گڈ گورننس اور اصلی اپوزیشن کی مثال قائم کی جا سکے۔ بارش ہو یا کوئی قدرتی آفات ہو، تعلیم ہو، صحت ہو، امن و امان کا مسئلہ ہو، روزگار ہو یا پھر کوئی بھی بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہو ہر جگہ بیڈ گورننس کے باعث عوام اذیت میں مبتلا دکھائی دیتے ہیں۔طارق چاندی والا نے مزید کہا کہ بیڈ گورننس کی وجہ سے رہائش کے اعتبار سے کراچی دنیا کا چوتھا بدترین شہر بن چکا ہے۔ چھوٹے شہروں اور باقی صوبے کا اس سے بھی برا حال ہے۔ کراچی کے آخری میئر وسیم اختر کے دور میں شہر میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا تھا بلکہ شہر کی حالت مزید خراب ہو گئی تھی۔چھو ٹے علاقوں میں رہنے والے اب ڈیفینس ، کلفٹن میں رہتے ہیں اور عوام آج بھی وہی سسکتی ہوئی زندگی گزار رہے ہیں۔جن کے گھر کبھی فاقہ نہ ہوا ہو، پانی کی قلت نہ ہوئی ہو، جن کے گھر پر راشن کی کمی نہ ہو، بچون کی فیسوں کا مسئلہ نہ ہو، جن لوگوں نے سختیاں برداشت نہ کی ہوں، انہیں عوام کے دکھ درد کا احساس ہو ہی نہیں سکتا اور نہ ہی وہ عوام کے مسائل ھل کر سکتے ہیں۔ اپنے مسائل کے حل کے لئے اپنے درمیان سے اہنے جیسے لوگوں کو آگے لائیے۔ ملک بھر کے مظلوم عوام کے لئے اٹھنے والی ہر پر خلوص آواز کے ساتھ پاسبان ہم آواز ہے۔