لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن مکمل غیر جانبدار ہے اور الزامات میں کوئی حقیقت نہیں۔ آئین اور قانون کے تحت کام کر رہے ہیں، تمام آر اوز کے پاس پریذائیڈنگ افسران واٹس ایپ پر فارم 45 بھیجیں گے۔ لاہور میں صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے ہم پہلے بھی الزامات کی تردید کر چکے ہیں ہم نے اپنا کام کرنا ہے وہ قانون کے مطابق کرتے رہیں گے، سیاسی جماعت اپنا کام کرے، تمام آر اوز کے کیمپ آفس سے پریزائیڈنگ آفیسر سامان لے کر جائیں گے۔ سعید گل نے کہا کہ تمام پولنگ سٹیشنز پر سامان لے جانے کے لیے سکیورٹی کی الگ الگ گاڑیاں ہیں، پولیس تعینات ہے اور رینجرز کیو آر ایف کی صورت میں موجود ہو گی۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ تمام نتائج کے لیے لاہورکے کیمپ آفس میں بڑی سکرین لگائی گئی ہے، ہم مکمل طور پر غیر جانبداری سے کام کر رہے ہیں۔ ہمارے اوپر جو الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔