اسلام آباد؍ راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خاں نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو آج 17 جولائی کو دنگا فساد سے باز رہنے کی وارننگ دے دی انہوں نے کہا ہے عمران خان الیکشن ہار چکا ہے اب عوام سے لڑنے کی تیاری کر رہا ہے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران اور اس کے ٹائیگرز قانون کے دائرے میں رہیں ڈسکہ الیکشن والی کوئی حرکت کی تو قانون حرکت میں آئے گا اطلاع ملی ہے کہ پی ٹی آئی کے 500 سے زائد فسادی ضمنی الیکشن میں فسادی ارادے سے پنجاب پہنچائے گئے ہیں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حلقے سے باہر کے پولنگ ایجنٹ لگانے کی درخواست اسی سازش کا حصہ تھی خیبر پی کے کے بھائیوں کو پنجاب کے بھائیوں سے لڑانے کا پلان ہے پرویز خٹک، اسد قیصر علی محمد خان اور مراد سعید ان فسادیوں کو شیلٹر دے رہے ہیں الیکشن کمشن کے احکامات اور قانون کو توڑنے والوں کو قانون کی گرفت کا سامنا کرنا پڑے گا رانا ثناء اللہ خاں نے کہا پی ٹی آئی ٹائیگرز سے غنڈہ گردی کرائی گئی تو نتائج کا ذمہ دار عمران نیازی ہو گا چار سال اقتدار میں عوام کو لوٹنے والوں کو 20 حلقوں کے عوام کا مینڈیٹ لوٹنے نہیں دیں گے وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے، 17 جولائی کو 20 حلقوں میں ووٹ کے ذریعے عوام تدفین کی رسم ادا کریں گے کوئی بھی اگر قانون کو ہاتھ میں لے گا اور فساد کرنے کی کوشش کرے گا تو قانون کی گرفت میں آئیگاصاف شفاف اور پر امن الیکشن کو یقینی بنائیں گے۔ راولپنڈی سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لال حویلی سے جاری اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ آج میں اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتا ہوں آج کل کا دن بہت اہم ہے پاکستان کی تاریخ میں ایسا الیکشن میں نے کبھی نہیں دیکھا شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں ان سے گذارش کرنا چاہتا ہوں کہ وہ الیکشن سے دور رہیں کسی قسم کی دھاندلی، غنڈہ گردی، دھونس قوم برداشت نہیں کرے گی اور کل کے الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ نے ثابت کرنا ہے کہ آپ غیر جانبدار ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان پر آرٹیکل 6 لگانے والے عقل کے اندھے ہیں اضافی فیصلہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں ہے ان کے پاس عقل کی کمی ہے جو دو دو اور ایک ایک ووٹ سے اس قوم پر مسلط کئے گئے ہیں شیخ رشید نے کہا کہ اگر قوم عمران خان کو ووٹ دیتی ہے تو اس کا راستہ نہ روکا جائے تسلیم کیا جائے اور اگر اس کا راستہ روکا گیا توایسا شعلہ نکلے گا ایسی چنگاری نکلے گی اور ایسی آگ پھیلے گی جو سب کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی اس لئے کل کا دن پاکستان کے سیاسی استحکام کے امتحان کا دن ہے اس لئے عوام کو فیصلہ کرنے کا حق ہونا چاہئے اور کسی مداخلت نہیں کرنی چاہئے.
500سے زائد فسادی پنجاب لائے گئے ، عمران غنڈہ گردی سے باز رہیں : وزیرداخلہ
Jul 17, 2022