گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) آل پاکستان ٹیکسٹائل پراسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد پرویز لالہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے علاقائی مسابقتی انرجی ٹیرف کے خاتمہ نے ہماری قومی برآمدی مہم کو بری طرح متاثر کیا ہے جس کے باعث پیداواری صلاحیت میں کمی اور کاروباری لاگت میں اضافہ ہوچکا ہے اور ہماری مصنوعات کو ملکی اور بین الاقوامی منڈی میں غیر مسابقتی بنادیا ہے ۔ حکومت کی طرف سے ٹیکسٹائل سیکٹرز کو دی گئی سفارشات اور یقین دہانی کے مطابق کہ علاقائی مسابقتی انرجی ٹیرف برائے بجلی اور گیس کو 30جون2023ءتک جاری رکھا جانا تھالیکن حکومت نے اب بجلی کے ٹیرف کو یکم مارچ2023سے واپس لے لیا ہے جس وجہ سے برآمد کنندگان کو اپنے آرڈرز منسوخ کرنے یا توانائی ٹیرف کی وجہ سے لاگت میں بے پناہ اضافہ کے باعث بھاری نقصان کا سامنا ہورہا ہے ۔