غلہ منڈی حافظ آباد کے آ ڑھتی چوری ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں کےخلاف احتجاج

Jul 17, 2023

حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) غلہ منڈی حافظ آباد کے آ ڑھتی چوری ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔مقامی آڑھتی کے ساتھ گزشتہ روز ہونے والی ڈکیتی کے ملزمان تا حال گر فتار نہ کر سکے۔پولیس کروڑوں اربوں روپے کا کاروبار کرنے والے غلہ منڈی کے آ ڑھتیوں کے تحفظ دینے میں نا کام ہو چکی ہے جبکہ ضلع بھر میں چور، ڈکیت اور جرائم پیشہ افراد دن دیہاڑے وار داتوں میں مصروف ہیں۔انجمن آ ڑھتیان غلہ منڈی کے صدر محمد اعظم سمور اور سیکرٹری جنرل عبد الحمید رحمانی، نائب صدر چوہدری جاوید اشرف ہنجرا، چوہدری ندیم اسلم رانجھا، ثاقب اقبال رتو، محمد رفیق، شوکت علی کھو کھرسمیت دیگر عہدیداروں نے مشترکہ کانفرنس کرتے ہوئے چوری ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی شدید مذمت اور غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل دن دیہاڑے مقامی آ ڑھتی کے ملازم اصغر علی سے دو مو ٹر سائیکل سوار ڈاکو¶ں نے غلہ منڈی کے قریب گن پوائنٹ پر چار لاکھ روپے لو ٹ لئے اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔پولیس نے اپنی روائتی کاروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف مقدمہ تو درج کر لیا لیکن ابھی تک ملزمان کا کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا۔جس وجہ سے غلہ منڈی کے آ ڑھتی جو روزانہ کروڑوں اربوں کا کاروبار کرتے ہیں ۔شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مقامی آ ڑھتیوں کو اور روزانہ کی بنیاد پر بینکوں سے رقوم کا لین دین کرنا پڑتا ہے لیکن منڈی اور اس کے آس پاس سیکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے وہ خوف میں مبتلا ہیں اور جرائم پیشہ چور ڈکیت آئے روز وارداتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا گذشتہ روز ہونے والی ڈکیتی کے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے ان سے لوٹی گئی رقم واپس دلوائی جائے۔

مزیدخبریں