لاہور(ؒؒؒؒخصوصی نامہ نگار )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کیلئے بروقت صاف و شفاف اور غیر جانبدارانہ قومی انتخابات کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپٹ اشرافیہ اور فرسودہ نظام نے تیل گیس کوئلہ اور زراعت کی دولت سے مالا مال سندھ کو تباہ اور ملک کے پورے سسٹم کو ناکارہ بنادیا ہے۔ سیاسی قیادت کو قومی ڈائیلاگ کے ذریعے قومی ترجیحات پر مل بیٹھ کر ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی نے اتحادی سیاست کا قصہ تمام کردیاہے آئندہ انتخابات میں اپنے منشور اور نشان سے حصہ اور سندھ سمیت قوم کو دیانتدار مخلص اور اہل قیادت منتخب کرنے کا موقع دے گی۔ ہماری ترجیح اسلام و پاکستان اور عوام کی فلاح وخدمت ہے۔9 مئی کے سانحات پر پوری قوم رنجیدہ ہے ملک کو بدنام اور افواج پاکستان کی تذلیل کرنے والوں اور اس کے ماسٹر مائنڈ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں مگر اس کی آڑ میں پولیٹیکل انجینئرنگ کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ حکمرانوں نے سٹیبلشمنٹ کے ساتھ ملکر انتخابات سے راہ فرار اختیار اور سیاسی انجینئرنگ کرنے کی کوشش کی تو جماعت اسلامی بھرپور مزاحمت کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں جماعت اسلامی سندھ کے تحت لوئرسندھ کے انتخابی کنونشن سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے مرکزی نائب امر اءاسداللہ بھٹو، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، صوبائی امیر محمد حسین محنتی، نائب امیر ممتاز حسین سہتو، جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ، جے آئی یوتھ سندھ کے صدر امتیازاحمد پالاری،جمعیت سندھ کے ناظم مرزا نعمان بیگ نے بھی خطاب کیا ۔
کرپٹ اشرافیہ ، فرسودہ نظام نے سندھ کو تباہ ،سسٹم کو ناکارہ بنادیا:لیاقت بلوچ
Jul 17, 2023