دوران ڈیوٹی زخمی ہونےوالے کسی افسر ‘اہلکار کو تنہا نہیں چھوڑا جائیگا:آئی جی

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر زخمی اور غازی اہلکاروں کے علاج معالجے کےلئے اقدامات جاری ہیں اور اس سلسلے میں 25 افسران و اہلکاروں کو طبی اخراجات کیلئے 52 لاکھ روپے دےدئیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ویلفیئر کمیٹی کی جانب سے بھجوائے گئے کیسز پر فنڈز جاری کرنے کے احکامات جاری کئے۔ ڈی پی او میانوالی مطیع اللہ خان کو علاج معالجے کیلئے 5 لاکھ روپے دئیے گئے، کانسٹیبل طاہر محمود اور کانسٹیبل ساجد نعیم کو فی کس 5 لاکھ روپے دئیے گئے۔ زخمی کانسٹیبل نصر اللہ کو ساڑھے 3 لاکھ، کانسٹیبلان آصف علی اور ثمر سئیس کو فی کس 3 لاکھ روپے دئیے گئے۔ زخمی اے ایس آئی مظہر اقبال کو اڑھائی لاکھ، 7 اہلکاروں کو فی کس 2 لاکھ جبکہ 11 اہلکاروں کو ایک لاکھ فی کس دئیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے افسران و اہلکاروں کے علاج و بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے کسی افسر یا اہلکار کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ آر پی اوز، ڈی پی اوز ماتحت سٹاف کی طبی امداد کے کیسز مکمل دستاویزات کےساتھ سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔پولیس ترجمان کے مطابق ویلفیئر برانچ میں کمپن سیشن ایوارڈ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، مختلف اضلاع سے میڈیکل گرانٹ کیلئے بھجوائی گئی27 درخواستوں پر تفصیلی غورو خوض کیا گیا۔ کمیٹی نے تمام دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد 25 افسران و اہلکاروں کیلئے 52 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔مزید برآں آئی 2 شہداءکی فیملیز کو 2 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کے گھر خرید کر دے دئیے ہیں۔ آر پی او ملتان نے 2 شہید اہلکاروں کی فیملیز کو گھر کی فراہمی کیلئے کیسز سنٹرل پولیس آفس بھجوائے تھے۔شہید ڈرائیور کانسٹیبل شہزاد سلیم کے ورثا کو خانیوال کے گلزار ابراہیم ٹاو¿ن میں ساڑھے 13 ملین مالیت کا گھر خرید کر دیا گیا۔ شہید کانسٹیبل محمد وقاص عظیم کی فیملی کو جھنگ میں پیرا ڈائز سٹی میں ساڑھے 13 ملین مالیت کا گھر خرید کر دیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر محمد ریاض نذیر گاڑا نے آر پی او ملتان کی جانب سے بھجوائے گئے کیسز پر حتمی منظوری کیلئے آئی جی پنجاب کو بھجوایا تھا۔

ای پیپر دی نیشن