پشاور (این این آئی + نیٹ نیوز) سابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کی جانب سے اپنی الگ جماعت ”پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز“ کے نام سے میدان میں لانے کے سلسلے میں تیاریاں جاری ہیں جس کیلئے پارٹی کے نام اور جھنڈے کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور پشاور میں اہم شخصیات کے ساتھ ملاقاتیں ہوچکی ہیں اور مشاورت کا سلسلہ بدستور جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک کسی دوسری پارٹی میں شامل نہ ہونے کی صورت میں اپنی الگ پارٹی کے قیام کا اعلان کردیں گے جس کے لیے انہوں نے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے نام کا انتخاب کیا ہے، اس سلسلے میں نئی پارٹی کے لیے سبز اور سفید رنگ پر مشتمل پارٹی جھنڈے کا انتخاب کیا گیا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ رواں ہفتے کے دوران حتمی طور پر فیصلہ کرسکتے ہیں جس میں وہ اگر کسی دوسری پارٹی میں شامل نہ ہوئے تو اپنی الگ پارٹی کے قیام کا باقاعدہ اعلان کردیں گے جس کے لیے وہ سابق اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ رابطوں میں ہیں جبکہ بعض دیگر سیاسی شخصیات کے ساتھ بھی ان کے رابطے جاری ہیں۔ اس بارے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے سابقہ دور میں سینٹ انتخابات میں پارٹی وفاداریاں تبدیل کرنے والے ارکان صوبائی اسمبلی اور ان امیدواروں کے ساتھ بھی رابطوں میں ہیں جنہیں گزشتہ انتخابات کے دوران پی ٹی آئی کا ٹکٹ نہیں مل سکا تھا۔میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں پرویزخٹک نے کہا کہ اولین ترجیح اپنی سیاسی جماعت کا قیام ہے۔ سیاسی رفقا سے مشاورت، فائل ورک جاری ہے۔
پرویز خٹک
پرویز خٹک نے ”پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز“ نام‘ جھنڈے کا انتخاب کر لیا
Jul 17, 2023