سیالکوٹ (نامہ نگار) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی غلط پالیسیوں سے ملکی معیشت تباہ ہوئی۔ 2018ءکے تجربے نے معیشت اور روایات کو تباہ کر دیا۔ ہم پرعزم ہیں ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں کامیاب ہو ں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی معیشت کو سہارا دینے کےلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اکھٹا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ کے محلہ واٹر ورکس میں منعقدہ ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ءکے دھاندلی زدہ انتخابات کے نتیجے میں ایسی جماعت کو ایک منصوبے کے تحت لایا گیا۔ 2018ءکا منصوبہ بنانے میں جنہوں نے عمران خان کو سپورٹ کیا، عمران خان اور پی ٹی آئی کی کارکردگی ان کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ءکے انتخابات سے پہلے سازش کے تحت نواز شریف کو نا اہل قرار دیا گیا، ججوں کو کہا گیا کہ نواز شریف کو نااہل قراردو۔ انہوں نے کہا کہ ملک پہ جو قیامت گزری وہ 9 مئی کا واقعہ ہے جس دوران ملکی دفاع کے ضامن اداروں پر منصوبہ بندی کے تحت حملے کئے گئے، 9 مئی کو شہدا کی یادگاروں کی توہین کی گئی، ہم اپنے شہداءاور غازیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہدا ءکی یادگاروں کی توہین کرنے والوں کو ہر حال میں قانون کے کٹہرے میں کھڑاکیا جائے گا۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مہنگائی آج بھی بہت ہے، معیشت کمزور ہے جس کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت ہے جس کی غلط پالیسیوں سے ملکی معیشت تباہ ہوئی اور مہنگائی کا طوفان آیا حالانکہ 2018ءمیں نواز شریف کے دور حکومت کے دوران ملکی معیشت مستحکم ہو رہی تھی تاہم پھر ایک سازش کے تحت نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا گیا جس کا خمیازہ آج ہم بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام کیلئے وزیراعظم محمد شہباز شریف بہت محنت کر رہے ہیں، ایک طرف مہنگائی کا مسلہ اور دوسری طرف 12 جماعتوں کا اتحاد برقرار رکھنا بہت مشکل کام ہے جسے ہمارے وزیراعظم محمد شہباز شریف بہت بہتر طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔ انشاءاللہ بہت جلد ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت کی اتحادی جماعتوں نے بھی بہت اہم کردار ادا کیا ہے اور ایک جذبے کے تحت اتحاد برقرار رکھا جس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ میں انتخابات کا اعلان ہو جائے گا، اسمبلیاں بھی تحلیل ہو جائیں گی۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے، اپنے حکمرانوں کے انتخاب کےلئے طاقت پاکستان کی عوام کے ہاتھوں میں جا رہی ہےاور وہ ووٹ کے استعمال سے اپنے حکمرانوں کو منتخب کریں گے اور ملک آگے بڑھے گا۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بھاگنے والے اور ہیں ہم تو نظریاتی لوگ ہیں، میاں نواز شریف کے ساتھ بتیس، تینتیس سال ہو گئے ہیں اور آخری سانس تک نواز شریف کے ساتھ رہیں گے، ان ساری باتوں کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے اور وہ قیمت اس طرح ادا کرنی پڑتی ہے کہ مشکل وقت کو عزت و آبرو سے کاٹے نا کہ مشکل وقت آنے پر بھاگ کر گلگت بلتستان یا کراچی جا کر نا بیٹھ جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی تو بارہ بارہ اکٹھی سماعتیں ہوتی ہیں میری ایک ضمانت میں 4 دفعہ بنچ ٹوٹا تھا، میں کیا پاکستان کا شہری نہیں۔انہوں نے کہا کہ آج بھی ایسے ادارے ہیں جو چیئرمین پی ٹی آئی کو دیکھ کرگڈٹو سی یو کہتے ہیں، 2018 کے تجربے نے معیشت اور روایات کو تباہ کردیا۔ورکرز کنونشن سے سابق ایم پی اے منشاءاللہ بٹ، سابق ایم پی اے چوہدری محمد اکرام، سابق ناظم بابر خان، تنویر عاشر، شیراز شمس چوہدری، شیراز ڈار، ملک منان اور محمد رفیق نے بھی خطاب کیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نومئی دو ہزاراٹھارہ سے قبل تیارکی گئی سازش کا نکتہ عروج تھا،اسی سازش کے تحت نواز شریف کو نااہل کیا گیا۔ ایک بیان میں خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ ججز نوازشریف کو ایک ٹرم کے لیے ڈس کوالیفائی کرنا چاہتے ان کوکہا گیا کہ نواز شریف کوتاحیات نااہل کرو۔ وزیر دفاع نے اعتراف کیا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ معاشی میدان میں خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کومسلط کرنیوالوں کا ایجنڈا ملک کی تباہی تھی۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ شہبازشریف نے خلوص سے معیشت کو سہارا دینے کی کوشش کی،حکومتی معاشی اقدامات کے ثمرات آیندہ سالوں میں سامنے آئیں گے۔
وزیر دفاع