معاشی بحران نے ملک کی بنیادیں ہلا ڈالی ہیں:آئی ڈبلیو سی سی آئی

 اسلام آباد( آئی این پی )اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بانی صدر ثمینہ فاضل نے کہا ہے کہ موجودہ قومی اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے بعد ٹیکنوکریٹس کو حکومت دی جائے تاکہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔ سیاسی حکومتوں کیلئے سخت فیصلے مشکل ہوتے ہیں جس کو تسلیم کرتے ہوئے ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ لایا جائے۔ ثمینہ فاضل نے کاروباری برادری سے گفتگو میںکہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے حالیہ مالی معاونت سے حالات میں کچھ بہتری آئی ہے مگر خطرات ختم نہیں ہوئے اور ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے جس کیلئے نگران ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ ضروری ہے۔ ملک کو معاشی چیلنجوں سے نکالنے کیلئے نگران حکومت میں اقتدار کی باگ ڈورایسے ٹیکنوکریٹس کے حوالے کرنا ضروری ہے جن کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہ ہو اور وہ اپنے شعبوں کے ماہر ہوں۔اس سلسلہ میں اہم وزارتوں جیسے کہ خزانہ، تجارت، صنعت، سرمایہ کاری، پانی اور بجلیوغیرہ کو خصوصی توجہ دی جائے۔ ٹیکنوکریٹک سیٹ اپ انتخابات سے قبل یا اس وقت متعارف کرایا جاتا ہے جب سیاسی جماعتیں اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہتی ہیں۔ بعض صورتوں میں ٹیکنوکریٹکس کی حکومت تمام پارلیمانی جماعتوں کے اتفاق رائے سے قائم کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ماضی میں جنرل ضیا اور جنرل پرویز مشرف کے دور میں ٹیکنوکریٹک حکومتوں کا تجربہ کیا جا چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کاروباری برادری کا اعتماد بڑھانے، برآمدات کو فروغ دینے اور اضافی مراعات فراہم کر کے پاکستانی تارکین وطن کی حوصلہ افزائی ضروری ہے جبکہ ٹیکنوکریٹس ملک کو معاشی دلدل سے نکال لینگے۔

ای پیپر دی نیشن