فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا

Jul 17, 2023

فیصل آباد (این این آئی)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے 2023-24کے سالانہ انتخابات کیلئے الیکشن شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ شیڈول ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ 2013،ترمیمی ایکٹ 2022اور فیصل آباد چیمبر کے میمورنڈم اینڈ آرٹیکل آف ایسوسی ایشن کے آرٹیکل 49کے تحت جاری کیا گیا ہے جبکہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی نے بھی اس کی منظوری دے دی ہے۔ اس الیکشن میں ایگزیکٹو کی خالی ہونے والی نشستوں کیلئے انتخابات ہوں گے ۔ انتخابات کو صاف، شفاف اور مکمل طورپر غیر جانبدارانہ بنانے کیلئے 3رکنی الیکشن کمیشن بھی قائم کر دیا گیا ہے جوسابق صدر مزمل سلطان،سابق صدر چوہدری محمد نواز اور سابق سینئر نائب صدر میاں تنویر احمد پر مشتمل ہوگا۔ شیڈول کے مطابق انتخابی سرگرمیوں کا آغاز 13جولائی سے الیکشن شیڈول کے اجراء سے شروع ہو گیا ہے جس کو نوٹس بورڈ پر آویزاں کرنے کے علاوہ چیمبر کے ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں اس کی کاپی ریگولیٹر ڈی جی ٹی او کو بھی ارسال کر دی گئی ہے ۔ ممبران کی عبوری فہرست 20جولائی کو جاری کی جائے گی تاہم حتمی فہرست 23اگست کو جاری ہو گی۔ ایگزیکٹو کا الیکشن لڑنے کے اہل امیدوار 28اگست کو کاغذات نامزدگی داخل کرائیں گے ۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 29اگست کو ہو گی اور اسی روز اُن کی فہرست ایف سی سی آئی کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کر دی جائے گی۔ اعتراضات 30اگست کو وصول کئے جائیں گے جن کو الیکشن کمیشن یکم ستمبر2023کو نمٹا دے گا۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل4ستمبر تک ریگولیٹر کو کی جا سکتی ہے جو اِن اپیلوں کو 11ستمبر 2023تک نمٹا دے گا ۔ کاغذات نامزدگی 12ستمبر 2023ء تک واپس لئے جا سکتے ہیں۔

مزیدخبریں