پاکستان ورلڈکپ کیلئے بھارت نہیں جاتا تو شائقین کیساتھ زیادتی ہوگی:مصباح

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ مصباح الحق نے زور دیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کیلئے بھارت ضرور  جانا چاہیے۔ جب دوسرے کھیلوں میں دونوں ممالک کے درمیان رابطے ہو سکتے ہیں تو کرکٹ میں کیوں نہیں، کرکٹ کو سیاسی تعلقات سے کیوں جوڑیں؟ لوگوں کو اپنی ٹیموں کو ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے دیکھنے کے موقع سے محروم کرنا ناانصافی ہے۔ اگر پاکستان ورلڈکپ کے لیے بھارت نہیں جاتا تو یہ ان شائقین کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہو گی جو پاکستان اور بھارتی کرکٹ کو بہت زیادہ فالو کرتے ہیں۔سابق کپتان نے اس خیال کا اظہار کیا کہ ناصرف پاکستان کو بھارت جانا چاہیے بلکہ میچز کے سلسلے میں بھارتی ٹیم کو بھی پاکستان ضرور آنا چاہیے۔ یقینی طور پر پاکستان کو بھارت میں ورلڈکپ کھیلنا چاہیے، میں نے بھارت میں میچز کھیلے ہیں، ہم نے کراؤڈ اور وہاں کے دباؤ سے لطف اٹھایا ہے، بھارت کی کنڈیشنز  ہمارے لیے بہترین ہیں، ہماری ٹیم صلاحیت رکھتی ہے کہ بھارت میں شاندار کارکردگی دکھا سکے۔مصباح الحق نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ انہیں صرف کرکٹ اور ورلڈکپ جیتنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ ورلڈکپ کے حوالے سے جو سیاسی طور پر چل رہا ہے، کرکٹرز کو اس پر دھیان نہیں دینا چاہیے، بھارت میں اچھی کارکردگی کیلئے اہم ہے کہ مناسب پلیئنگ الیون کا انتخاب کیا جائے۔ دباؤ میں کھیلنے کا بھی اپنا مزہ ہوتا ہے، لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہمیں بھارت نہیں جانا چاہیے، بائیکاٹ کرنا چاہیے، میں اس کے بالکل خلاف ہوں، پاکستان کو ورلڈکپ کیلئے بھارت  ضرور جانا چاہیے اور ورلڈکپ جیتنا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن