ننکانہ صاحب (نامہ نگار)تھانہ صدر ننکانہ پولیس حراست میں اغواء اور ڈکیتی کا ملزم منگت علی جناح ہسپتال لاہور میںدم توڑ گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق پولیس تھانہ صدر ننکانہ صاحب نے ملزم منگت علی کو 15 جولائی کی رات 16 سالہ علی رضا کے اغواء اور ٹریکٹر چھیننے کے مقدمہ میں گرفتار کیا تھا‘ ملزمان ٹریکٹر چھین کر 16 سالہ علی رضا کو اغواء کر کے فرار ہو گئے تھے۔ تھانہ صدر ننکانہ پولیس نے مغوی علی رضا کو پیشہ وارانہ مہارت سے بازیاب کروایا‘ مرحوم منگت علی قتل کے مقدمہ میں تین ماہ قبل سزا کاٹ کر جیل سے رہا ہوا تھا‘ منگت علی کو ہائی بلڈ پریشر کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے اسے لاہور ریفر کردیا گیا جو جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی معائنے کے مطابق ملزم کا انتقال بلڈ انفیکشن کی وجہ سے ہوا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں پوسٹمارٹم کے بعد صحافیوں کو ملزم کی نعش کی تصویر بنانے دی گئی۔ صحافیوںکے چلے جانے کے بعد پولیس نے تحریری بیان کے بعد ملزم کی نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔