راولپنڈی (آئی این پی ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بجلی، گیس مہنگی، آٹا چینی مہنگی، یہ ہے 15 مہینوں میں اس حکومت کی کارکردگی، دنیا قرض لینے پر شرمندہ ہوتی ہے، حکومت نے ایک سال ضائع بھی کیا اور دھمال بھی ڈال رہی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ معاشی حالات اتنے گھمبیر اور سنگین ہوگئے ہیں کہ سنبھالنے سے بھی نہیں سنبھلیں گے، پہلے بھی اپنے منی لانڈرنگ کے مستند کیس ختم کرائے فرد جرم والے دن وزیراعظم کا حلف اٹھایا اور جاتے جاتے سولر انرجی میں 70 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا قوم کو ٹیکہ لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ عزت حکومت سے نہیں ملتی عوام کے دلوں پر حکمرانی سے ملتی ہے، عوام کو مہنگائی کے دلدل میں پھینک کر اور خودکشیوں پر مجبور کر کے زبردستی حکمران بنے بیٹھے ہیں جو فسطائیت، چنگیزیت، دہشتگردی اور ظلم و ستم بے گناہ لوگوں پر ان دنوں رواں رکھا گیا ہے وہ ایک دن ضرور رنگ لائے گا اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چور ڈاکو لٹیرے اپنے انجام کو پہنچیں گے ان کو صرف اپنی اولاد عزیز ہے غریب کی اولاد دھکے کھائے یا بھاڑ میں جائے اس سے ان کو کوئی غرض نہیں، 15 مہینوں میں تمام حربے ناکام ہوگئے کچھ ڈلیور نہ کر پائے ایک ارب ڈالر کا قرضہ ایک سال ضائع کرنے کے بعد آئی ایم ایف سے لینا کمال نہیں زوال ہے، حکومت کو احساس نہیں کہ غریب فاقہ کشی پر مجبور ہے۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ قوم جھرلو والے الیکشن کو تسلیم نہیں کرے گی اور دنیا میں پاکستان کی معاشی ساکھ کے بعد سیاسی ساکھ بھی دا پر لگ جائے گی کیونکہ سیاست معیشت اور ریاست کا ایک دوسرے سے چولی دامن کا ساتھ ہے جو اسے دا پر لگائے گا وہ اپنی سیاست کا قبرستان بنائے گا۔