کراچی (نوائے وقت رپورٹ) صوبہ سندھ میں نجی طریقوں سے سود کے عوض قرض دینے والوں کیخلاف قانون نافذالعمل ہوگیا۔ میڈیا سے گفتگو میں مشیر قانون سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سندھ پروہیبشن آف انٹرسٹ آن پرائیوٹ لون بل 2023ء گورنر سندھ کی منظوری کے بعد قانون سندھ میں نافذ کر دیا گیا ہے جس کے باعث نجی طریقوں سے سود کے عوض قرض دینے والوں کے خلاف مقدمات درج ہوسکیں گے۔ گلی، محلے اور علاقوں میں نجی افراد کی جانب سے قرض پر سود کی وصولی کے خلاف کارروائی ہو سکے گی۔ قانون لاگو ہونے سے لوگوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر سود وصولی کرنے والوں کی بیخ کنی ممکن ہو گی۔