لاہور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت میں پولیس اور ٹریفک وارڈنز کی بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائیوں کے بعد ہیلمٹ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا۔ ایک طرف چالان کا ڈر تو دوسری جانب ہیلمٹ مہنگے ہو گئے۔ شہری مہنگے داموں ہیلمٹ خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان آگیا ہے۔ ایک وقت کی روٹی نہیں کھا سکتے ہیلمٹ کہاں سے خریدیں۔ چالان اور ہیلمٹ کے ریٹ نے غریب آدمی کو جکڑ رکھا ہے۔ عام ہیلمٹ جو تین چار سو روپے کا ملتا تھا اب 8 سو سے ایک ہزار روپے میں جبکہ کچھ بہتر ہیلمٹ 2ہزار سے3ہزار روپے تک اور امپورٹڈ ہیلمٹ 5سے 7ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہم نے ریٹ میں رد و بدل خود سے نہیں کیا، پیچھے سے ہی ہیلمٹ مہنگا مل رہا ہے۔ ہم نے بھی مجبور ہو کر قیمتیں بڑھائی ہیں۔