لاہور (نوائے وقت رپورٹ)اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ آج مسلمانوں کی سب سے بڑی ضرورت اتحادِ امت ہے۔دفاع اسلام، تحفظ قرآن اور حرمت ناموس رسالت کی خاطر ہمیں امتِ واحدہ بننا پڑے گا۔وہ آج اسلامی جمہوری اتحاد پنجاب کے زیر اہتمام جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ میں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔انکے علاوہ پروفیسر عدنان فیصل، مولانا ضیاء الرحمٰن فاروقی، میاں محمد اصغر ،علامہ فیاض احمد سلفی اور دیگر علامہ نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے ہمیشہ اتحاد امت ، استحکام پاکستان ، قومی یکجہتی اور ملک میں قیام امن و امان کے لئے مثبت اور تعمیری انداز میں کام کیا ہے۔مگر آج اسکی ضرورت اور اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ لہٰذا آج ہمیں ہر طرح کی فرقہ وارانہ سوچ کو ترک کر کے تحفظ قرآن، ناموس رسالت اور دفاع اسلام کی خاطر فرقوں میں تقسیم در تقسیم ہو کر کمزور در کمزور ہونے کی بجائے ایک فیصلہ کن قوت بننے کے لئے امت واحدہ بننا پڑے گا۔ جب تک ہم خالصتاً کتاب و سنت کی بنیاد پر ایک نہیں بنتے دشمنانِ اسلام کی عظمتِ قرآن اور ناموس محمد کے خلاف سازشیں جاری رہیں گی۔ آخر میں علامہ زبیر احمد ظہیر نے اسلامی جمہوری اتحاد اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے عہدیداروں اور کارکنوں کو ملک بھر میں امن و امان، اتحاد ِ امت کے لئے ہر جگہ انتظامیہ، پولیس اور تمام مکاتبِ فکر سے بھرپور تعاون کی ہدایات دیں ہیں۔