ہمارے آقا و مولا ؐ محسنِ اعظمِ انسانیت بن کر تشریف لائے،پیر نقیب الرحمن

Jul 17, 2023

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ ہمارے آقا و مولا  ؐ محسنِ اعظمِ انسانیت بن کر تشریف لائے اور قیامت تک آنے والی انسانیت کے لئے تعلیماتِ نبوی  ؐ بہترین تعلیم و تربیت کا سامان مہیا کرتی ہیں جن سے مزین ہو کر ہم اپنی دنیوی و اخروی زندگی سنوار سکتے ہیں اور اپنی تخلیق کے مقصد کو سمجھ سکتے ہیں کفارِ مکہ نے جب دیکھا کہ حضور نبی کریم  ؐ کے خلقِ عظیم کی بدولت دین ِمتین اسلام چہار دانگ عالم میں پھیل رہا تھا تو وہ سب اکٹھے ہو کر آپ  ؐ کی خدمتِ اقدس میں حاضر ہوئے اور عرض کرنے لگے کہ ہم سب قبائل آپ  ؐ کو اپنا حکمران تسلیم کرنے، اپنا تمام مال و اسباب آپ  ؐ کی خدمتِ اقدس میں پیش کرنے کو تیار ہیں اگر آپ  ؐ ربِ رحمان کی وحدانیت اور دینِ متین اسلام کی اشاعت و تبلیغ کرنا موقوف فرما دیں تو حضور نبی رحمت  ؐ نے ارشاد مبارک فرمایا کہ اگر تم میرے ایک ہاتھ پر چاند اور دوسرے پر سورج بھی لا کر رکھ دو اور ربِ رحمان کی وحدانیت اور اس کے احکامات کو ماننے سے انکار کرو تو تمہارا میرے ساتھ کو ئی تعلق نہیں ہے غور طلب بات ہے کہ ربِ رحمان کی وحدانیت اور اس کے احکامات و فرمودات کو ماننے کی حضور نبی رحمت  ؐ کس قدر تاکید فر ما رہے ہیں۔دربار رسالت ِمآ ب  ؐ سے امت کیلئے ایک نہایت خوبصورت تعلیم یہ بھی عطا ہوئی کہ حضور نبی رحمت  ؐ نے تین مرتبہ قسم اٹھا کر فرمایا کہ وہ صاحبِ ایمان نہیں ہے۔جب صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین نے عرض کی کہ اے اللہ کے رسول  ؐ کون صاحبِ ایمان نہیں تو آپ  ؐ نے ارشاد مبارک فرمایا کہ جس کے شر سے اس کا ہمسایہ محفوظ نہیں۔م بحیثیت امت ہم سب پر فرض ہے کہ ان اعلی تریں تعلیماتِ نبوی  ؐکی روشنی میں ہم اپنے عمل و کردار کا جائزہ لیں کہ کیا ہم نے دینِ متین میں اپنے آپ کو پورا داخل کر لیا ہے کیونکہ ہمارا دین مکمل ضابطہِ حیات ہے اور عمل پیرا ہونے میں نہایت آسان ہے۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سربلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا کی۔

مزیدخبریں