گنڈاپور  سمیت 70 ارکان اسمبلی نے  پی ٹی آئی میں شمولیت کاحلف نامہ جمع کرا دیا

پشاور(بیورو رپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردارعلی امین گنڈاپور سمیت 70 اراکین صوبائی اسمبلی نے سپریم کورٹ فیصلے کے بعد تحریک انصاف میں دوبارہ شامل ہونے کے لئے حلف نامے جمع کرادیئے۔مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واپس پی ٹی آئی جوائن کرلی۔علی امین گنڈاپور نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا تھا اور انہوں نے انتخابات جیتنے کے بعد کوئی پارٹی جوائن نہیں کی تھی۔ وزیراعلیٰ سمیت 70 اراکین اسمبلی نے حلف نامے پارٹی کے پاس جمع کرادیئے ہیں۔صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم کے مطابق سنی اتحاد کونسل سے واپس پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے میں واضح ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کا حق تھا اور پی ٹی آئی کو مل گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 6 ان پر لاگو ہوتا ہے جنہوں نے آئین کے مطابق انتخابات نہیں کروائے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے کا حکم دیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن