پاکستان میں معاشی ترقی 3.5فیصد رہے گی، آئی ایم ایف : عالمی سطح پر مہنگائی ،بلند شرح سود کی پیشگوئی

Jul 17, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) آئی ایم ایف نے ورلڈ اکنامک آئوٹ لک اپ ڈیٹ رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق عالمی سطح پر اجناس کی قیمتیں بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ آئی ایم ایف کی ورلڈ اکنامک آؤٹ لک اپ ڈیٹ  رپورٹ کے مطابق  پاکستان میں رواں مالی سال معاشی ترقی کی رفتار 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ حکومت  نے نئے  بجٹ  میں معاشی ترقی کا ہدف 3.6 فیصد مقرر کیا ہے۔ گزشتہ مالی سال پاکستان میں معاشی شرح نمو 2 فیصد رہی۔ عالمی معیشت اس سال 3.3 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی۔ آئی ایم ایف کے مطابق عالمی سطح پر مہنگائی اور  شرح سود بلند سطح  پر  رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف نے عالمی سطح پر اجناس کی قیمتیں بڑھنے کی پیش گوئی کر دی ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق  پالیسی ریٹ میں سال کے دوسرے حصے میں کمی کا امکان ہے۔ عالمی معیشت کے لیے ایکسٹرنل، فسکل  اور  فنانشل خطرات موجود ہیں۔ انرجی اور فوڈ پرائسز  بتدریج کرونا سے پہلے والی سطح  پر آجائیں گی۔ عالمی سطح پر عمومی مہنگائی بلند سطح پر رہے گی۔ عالمی مالیاتی فنڈ نے بھارت کی شرح نمو 6.5 جبکہ چین کی 4.5 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

مزیدخبریں