واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) خفیہ اسرائیلی مہم پر نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیل نے گزشتہ سال امریکی قانون سازوں اور امریکی عوام کو سوشل میڈیا پر اسرائیل پیغامات کے ذریعے اثرانداز ہونے کیلئے ایک منظم مہم چلائی۔ جس کا مقصد غزہ جنگ میں اس کے اقدامات کیلئے امریکی حمایت میں اضافہ کرنا تھا۔ اس خفیہ مہم میں شامل اسرائیل کے سرکاری حکام اور دستاویزات کے مطابق یہ مہم اسرائیل کی وزارت برائے ڈیا سیورا افیئرز نے چلائی۔ اس وزارت کا بنیادی کام دنیا بھر کے یہودیوں کو اسرائیلی ریاست سے جوڑنا ہے۔ وزارت نے آپریشن کیلئے تقریباً دو ملین ڈالرز مختص کئے اور اس مقصد کیلئے پولیٹیکل مارکیٹنگ فرم ایس ٹی او آئی سی کی خدمات حاصل کیں۔ مہم میں سینکڑوں جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا استعمال کیا گیا‘ جو ایکس‘ فیس بک اور انسٹا گرام پر اپنے آپ کو امریکیوں کے طور پر ظاہر کر کے پرو اسرائیل تبصرے پوسٹ کرتے تھے۔