لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نوازشریف نے کابینہ اور کیبنٹ کمیٹی لاء اینڈ آرڈر کو یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کرنے کا ٹاسک دیدیا اور وزراء کو مختلف ڈویژن اور اضلاع کے دورے کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مریم نوازشریف نے محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات ہر طرح سے فول پروف بنانے کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ عزاداروں کے لئے سبیل اور لنگر کے لئے بھر پور معاونت کی جائے۔ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے وضع کردہ پلان اور ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے قریبی اشتراک کار یقینی بنائیں۔ مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، ضروری اقدامات کئے جائیں۔ ہر شہر میں پر امن فضا برقرار رکھنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح متحرک اور مستعد رہیں۔ امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر تعینات نفری کی مانیٹرنگ بھی ناگزیر امر ہے۔ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے، امن و امان کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ علاوہ ازیں مریم نوازشریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں عزاداروں کے لئے سبیلیں، کھانے اور جلوس کے لئے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں سبیلیں لگائی گئیں۔ یوم عاشور میں جلوسوں اور عزاداروں کے لئے خصوصی سبیلوں کا بڑے پیمانے پر اہتمام کیاگیا۔ ضلعی انتظامیہ نے دیگر اداروں کے اشتراک سے سبیلیں لگانے کے انتظامات مکمل کر لئے تھے۔ ٹھنڈے پانی اور مشروبات سے عزاداروں کی تواضع کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔ کھانے کے پیکٹ اور مشروبات جلوس کے شرکاء میں تقسیم کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر جلوسوں میں شریک خواتین، بزرگوں اور بچوں کی خدمت کے لئے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ دوسری جانب مریم نوازشریف سے رکن صوبائی اسمبلی سعید اکبر خان نوانی نے ملاقات کی، جس میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے بارے میں گفتگو کی گئی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ سعید اکبر خان نوانی نے عوامی خدمت کے 100دن کی کامیابی سے تکمیل پر وزیر اعلیٰ کو مبارکباد پیش کی۔ مریم نوازشریف نے کہاکہ فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز کا دائرہ کار مزید بڑھا رہے ہیں، 500 مزید فیلڈ ہسپتال دیں گے۔ ہیلتھ ریفارمز اور فیسیلیٹی عوام کی دہلیز تک پہنچانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔ سعید اکبر خان نوانی نے کہاکہ پنجاب حکومت کی 4ماہ کی کارکردگی دیگر صوبوں کے لئے قابل تقلید ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کے غریب دوست اقدامات کو عوام میں بے حد پذیرائی مل رہی ہے۔