مقبوضہ کشمیر : محاصرے کے دوران حریت پسندوں کا حملہ میجر سمیت 5بھارتی فوجی ہلا ک

 سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کے ضلع ڈوڈا میں ایک حملے میں بھارتی فوج کے میجر سمیت  پانچ بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں ۔ بھارتی فوجی ترجمان نے ایکس پر میجر سمیت  چار  اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق  مارے جانے والوں میں ایک  ایس او جی جوان  بھی شامل ہے۔  بھارتی فوج کی بھاری جمعیت نے ضلع ڈوڈہ کے ڈیسا فاریسٹ ایریا  کا محا صرہ کیا تھا اس دوران بھارتی فوج اور حریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں  کم از کم 7جوان زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوجی  اسپتال منتقل کیا گیا  تھا تاہم  میجر سمیت  5 اہلکار ہلاک ہوگئے ۔جبکہ ضلع کپواڑہ میں لوگ مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ضلع میں کرناہ کے علاقے ٹنگڈار کے رہائشی سڑکوں کی خستہ حالی اور دیگر بنیادی سہولیات کے فقدان کے خلاف احتجاج کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے۔جنوبی کشمیر میں آسمانی بجلی گرنے ایک گھر تباہ ہو گیا ہے۔ ضلع اننت ناگ کے ڈوروویری ناگ علاقے میں آسمانی بجلی سے عبدالمجید نجار ولد خالق نجار نامی شخص کا رہائشی مکان تباہ ہو گیا۔ دوسری جانب  مقبوضہ جموں و کشمیرکو ہندوتوا کے رنگ میں رنگنے کی مودی حکومت کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر ضلع اسلام آباد میں ایک مندر کا افتتاح کیا گیا ہے جس کی افتتاحی تقریب میں بھارت کے مرکزی وزیر نتیا نند رائے نے بھی شرکت کی۔کشمیری اس اقدام کو مسلم اکثریتی کشمیر کو ہندو توا کے رنگ میں رنگنے کی ایک بڑی کوشش کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن