ڈھاکا (نوائے وقت رپورٹ) بنگلادیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ کے سابق چپڑاسی جہانگیر عالم کروڑ پتی نکلا۔ وزیراعظم حسینہ واجد نے بھی کہا تھا کہ ان کے گھر میں کام کرنے والا چپڑاسی 400 کروڑ روپے کا مالک بن بیٹھا ہے۔ جس کے بعد بنگلادیش کے مرکزی بنک نے جہانگیر عالم اور اس کی اہلیہ اور وزیراعظم سے متعلق کئی اداروں کے بنک اکاؤنٹس کو ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔ اینٹی کرپشن کمشن نے بھی تحقیقات کا آغاز کردیا جب کہ جہانگیر عالم کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ امریکا اپنی دوسری بیوی کے پاس فرار ہو چکا ہے۔ جہانگیر عالم کے پاس کروڑوں مالیت کی گاڑی اور ایک تین منزلہ پْرتعیش گھر بھی ہے جب کہ اس کا لائف سٹائل بھی شاہانہ ہے۔ جہانگیر عالم وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے سٹاف میں شامل تھا اور معاون ورکر کی حیثیت سے کام کرتا تھا لیکن اس نے اپنے اور اپنی اہلیہ کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے رکھے ہوئے تھے۔
بنگلہ دیشی وزیراعظم کے چپراسی کے اکاؤنٹ سے 400 کروڑ برآمد، امریکہ فرار
Jul 17, 2024